لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے شفیق آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے چار مزدور جاں بحق ہو گئے۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں ایک اور خلاف ضابطہ عمارت کی تعمیر قیمتی جانیں نگل گئی۔ تھانہ شفیق آباد کے قریب زیر تعمیر پلازہ کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 مزدور جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں اور 2 گھنٹوں کے طویل آپریشن کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دیدیا۔ ترجمان ریسکیو محمد فاروق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمارت بغیر سیفٹی اقدامات کے تعمیر کی جارہی تھی۔
جاں بحق افراد کی شناخت خضر حیات، ابو ہریرہ اور عبدالرشید کے نام سے ہوئی ہے۔ عینی شاہد کے مطابق جمعہ کی نماز کے وقت یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 4 کنال اراضی پر مشتمل پلازہ پر عرصہ دراز سے کام جاری تھا۔ تفتیش کے بعد جگہ کے مالک کا تعین کیا جا سکے گا۔