مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) یہ افسوسناک حادثہ مظفر گڑھ کے قنوان چوک میں پیش آیا۔ ملبے تلے دبے پانچ زخمی افراد کو نکال کر ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق افراد میں 4 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ نے حادثے اور امدادی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 13 لوگوں کو ملبے سے نکالا گیا۔ نکالے جانے والوں میں سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا حادثے کا شکار عمارت کو بغیر کسی قواعد کے مستری سے بنوایا جا رہا تھا۔ بلڈنگ میں سے سٹرکچر ہٹانے کی وجہ سے بلڈنگ گری۔ مالکان کے مطابق 13 لوگوں کی موجودگی کی اطلاع تھی، جنھیں نکال لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفر گڑھ میں عمارت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔