مسافر وین کو بھیرہ موٹر وے فلائی اوور کے قریب حادثہ، 11 افراد جاں بحق، 6 زخمی

Last Updated On 30 January,2020 07:49 pm

بھیرہ: (دنیا نیوز) فیصل آباد سے اسلام آباد جانے والی مسافر وین بھیرہ موٹر وے فلائی اوور کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹائر پھٹنے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ بے قابو ہو کر پول سے ٹکرا گئی۔ گاڑی میں لگی آگ نے مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے 11 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

حادثے کے 6 زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھیرہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد سرگودھا ریفر کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی موٹروے زون اشفاق احمد کا المناک وین حادثے کے متعلق بریفنگ میں بتانا تھا کہ بدقسمت ہائی ایس میں ٹوٹل 17 افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں آٹھ مرد اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ چھ افراد زخمی ہیں جن میں تین مرد، دو عورتیں اور ایک بچہ شامل ہیں۔ مسافر وین فیصل آباد سے راولپنڈی کی جانب جا رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔ بظاہر حادثہ ڈرائیور کی غفلت، لاپرواہی یا ٹائر راڈ کھلنے کی وجہ سے پیش آیا جس کے بعد وین بے قابو ہو کر پول سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

وین الٹنے کی وجہ سے سلائیڈنگ ڈور جام ہو گیا اور شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے ہائی ایس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
 

Advertisement