ایلیٹ فورس کے جانبازوں کو ہائی پروفائل کیسز کی صورت میں ہی استعمال کیا جائے: آئی جی پنجاب

Last Updated On 29 January,2020 06:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز)آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے جانبازوں کو ہائی پروفائل کیسز، آپریشنزاور دہشت گرد انہ حملوں کی صورت میں ہی استعمال کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر بیدیاں کا دورہ کیا اور اس دوران اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف نے آئی جی پنجاب کو محکمانہ امور،ایلیٹ فورس کی کارکردگی اور چیلنجز کے متعلق بریفنگ دی۔

آئی جی پنجاب نے ایلیٹ فورس اور سپیشل آپریشن یونٹ کے پیشہ ورانہ امور میں مزید بہتری کے متعلق احکامات جاری کئے۔

دورے کے دوران آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ایلیٹ فورس اور سپیشل آپریشن یونٹ کے زیر تربیت اہلکاروں سے ملاقات بھی کی، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف، ڈی آئی جی ایلیٹ محمد انکسار خان افغان، کمانڈنٹ ایلیٹ سکول کرنل پرویز اقبال ، ڈائریکٹر ایس او یو کرنل سعد سلیم ، ایس پی ہیڈ کوارٹرز ایلیٹ سید جعفر عباس شاہ ،سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا کہنا تھا کہ ایلیٹ ایک سپیشلائزڈ فورس ہے جسے پروٹوکول یا غیر ضروری ڈیوٹیوں کیلئے ہرگز استعمال نہ کیا جائے، ایلیٹ فورس کے جانبازوں کو ہائی پروفائل کیسز، آپریشنزاور دہشت گرد انہ حملوں کی صورت میں ہی استعمال کیا جائے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی خطرات کے پیش نظر ایلیٹ فورس کی ٹریننگ اور رسپانس ریٹ کو بہتر سے بہتر بنایا جائے، ایلیٹ فورس میں شامل اہلکاروں کی ترقی سے متعلقہ امور میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق فوری نمٹائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زیر تربیت اہلکاروں کو بہترین ٹریننگ کے علاوہ حفظان صحت کے مطابق ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے مختلف شعبوں کے ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات سے استفادہ کیاجائے۔
 

Advertisement