گجرات: (دنیا نیوز) گجرات میں دوسری شادی کے رنج میں بیوی نے اپنے شوہر کو اغواء کرکے ڈیرے پر زنجیروں کیساتھ جکڑ دیا، مغوی محمد افضل کو پولیس نے بازیاب کروا لیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعہ تھانہ صدر گجرات کی حدود میں ہریانوالہ کے قریب پیش آیا جہاں پر دوسری شادی کے رنج بیوی نے اپنی والدہ، بھائی اور بہن کیساتھ ملکر پاہڑیانوالی کے رہائشی اپنے ہی شوہر محمد افضل کو اغواء کرکے ڈیرے پر زنجیروں کیساتھ جکڑدیا۔
دونوں میاں بیوی کی شادی انیس سال قبل ہوئی تھی تاہم اولاد نرینہ نہ ہونے کی وجہ سے مغوی محمد افضل دوسری شادی کرنا چاہتا تھا۔ بیوی اور سسرال والوں میں شیدید غم و غصہ تھا، محمد افضل جب کسی کام کے سلسلہ میں گجرات آیا تو اس کی بیوی بنین الیاس نے اپنی والدہ شہناز بی بی، بھائی حیدر الیاس اور بہن مہوش الیاس کی مدد سے کیری ڈبہ میں ڈال کر اغواء کر کے ڈیرے پر لے جا کر ریڑھے کیساتھ زنجیروں کیساتھ جکڑ دیا۔
دوسری جانب پولیس نے مغوی محمد افضل کو ہریانوالہ کے قریب ڈیرے سے بازیاب کروا کر مغوی محمد افضل کے بھائی کی مدعیت میں بیوی بنین الیاس، والدہ شہناز بی بی، بھائی حیدر الیاس اور بہن مہوش الیاس کیخلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم پانچوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائیگا۔