لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے، اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ناراض ہونے والی پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنیوالوں میں غضنفر عباس، محمد علی رضا خان خاکوانی، مامون تارڑ، خواجہ داؤد سلیمانی، عامر عنایت شہانی، محمد احسن جہانگیر، صاحبزادہ غزین عباسی، تیمور علی لالی، غضنفر عباس شاہ شامل تھے۔
سردار محمد محی الدین خان کھوسہ، سردار شہاب الدین خان، محمد اعجاز حسین، صوبائی وزراء راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین اورچیف وہیب رکن پنجاب اسمبلی سید عباس شاہ بھی موجود تھے۔
اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار اور ہمارے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے۔
اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ تھے، ہیں اورساتھ کھڑے رہیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور آپ کے سپاہی ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
پی ٹی آئی ارکان کیساتھ ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آپ کی عزت میری عزت ہے۔ احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔ ہم نے ملکرصوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ پراپیگنڈا کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک تھے، ہیں اورایک رہیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔