وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ملاقات

Last Updated On 25 January,2020 05:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں، راولپنڈی کے ترقیاتی کاموں، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو 5 فروری کو لال حویلی میں جلسے میں شرکت کی دعوت دیدی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصرکے ہاتھ صرف مایوسی اورناکامی آئے گی۔ لوٹ مارکادورگزرچکا،وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی کی بے دریغ کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا۔ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ ہماری حکومت کا کوئی سکینڈل ہے نہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا ”کرپشن فری پاکستان“ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔ نئے پاکستان میں ہرعلاقے کویکساں ترقی دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح مخصوص شہروں کیلئے وسائل مختص نہیں کیے گئے۔ وویمن یونیورسٹی راولپنڈی اورنئے گرلز ڈگری کالج کے امورجلد نمٹائے جائیں گے۔ میں جلد دوبارہ راولپنڈی کا دورہ کروں گا۔
 

Advertisement