لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، جاتی سردی کو بریک لگ گئی

Last Updated On 27 January,2020 02:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا، اسلام آباد، شمالی بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہاڑوں پر بھی برفباری کی پیش گوئی ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں بارش سے موسم میں مزید خنکی آگئی۔ فیصل آباد اور گردونواح میں بھی رم جھم کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ ننکانہ صاحب، چنیوٹ، جھنگ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی خوب بادل برسے۔ سندھ میں بھی بادلوں نے انٹری دی اور شکارپور سمیت دیگر علاقوں میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

آج کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 17، کالام منفی 11، استور منفی 10، گلگت میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور 7، اسلام آباد 2 اور کراچی میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
 

Advertisement