لاہور: (دنیا نیوز) امامیہ کالونی میں سلنڈر پھٹنے کے بعد پرفیوم بنانے والی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، جس میں خاتون اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
امامیہ کالونی میں سلنڈر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد پرفیوم بنانے والی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور پوری عمارت زمین بوس ہوگئی جبکہ فیکٹری سے ملحقہ مکان کی چھت بھی گر گئی۔ آگ لگنے سے ٹرانسفارمر بھی جل گیا، امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیوں نے 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں کیمیکل ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور کہا مالک نے 3 بھائیوں کو عمارت کرائے پر دی تھی، تینوں بھائیوں کو گزشتہ رات عمارت کے قریب دیکھا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔