گوجرانوالہ: پنجاب گروپ آف کالجز میں لڑکیوں کے سالانہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

Last Updated On 29 January,2020 10:38 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ پنجاب گروپ آف کالجز میں لڑکیوں کے سالانہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک طالبات نے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا خوب لوہا منوایا۔

 

پنجاب گروپ آف کالجز کے 22ویں سالانہ لڑکیوں کے سپورٹس گالہ کا افتتاح ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ سہیل اشرف نے کیا، فضاء میں غبارے چھوڑے گئے اور لڑکیوں کی جانب سے بینڈز کی دھنوں پر خوبصورت مارچ پاسٹ بھی کیا گیا۔

لڑکیوں کے درمیان سو میٹر، دو سو میٹر اور چارسو میٹر دوڑ کے مقابلے ہوئے جبکہ چاٹی ریس، رسہ کشی اورتھری لیگ ریس میں بھی طالبات نے خوب جوہر دکھائے، تفریحی مقابلوں میں فلاور ایرینجمنٹ، پوسٹر پینٹگز اور دیگر سرگرمیوں میں طالبات نے بھرپور دلچپسی کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب ملتان میں انٹر کالجیٹ گرلز چیمپئن شپ میں بھی پنجاب گروپ آف کالجز کی ٹیموں نے تمام مقابلوں میں پہلی پوزیشن لے کر ادارے کی روایت کو برقرار رکھا۔

طالبات کے مابین رسہ کشی، 400 میٹر دوڑ، نیزہ بازی، جوڈو کراٹے اور جمناسٹک کے دلچسپ مقابلے ہوئے جن میں 18 مختلف کالجز کی ٹیموں نے حصہ لیا، پنجاب گروپ آف کالجز کی ٹیموں نے اعزاز کا شاندار انداز سے دفاع کیا جس کو ڈی او سپورٹس نے خوب سراہا اور اائندہ بھی کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔