اسلام آباد: (ایس ایم زمان) سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم، فواد حسن فواد نے اپنی ریٹائر منٹ کے ایک ماہ بعد 2005 تا 2008 تین سال کی بغیر تنخواہ چھٹی کو نصف تنخواہ کے ساتھ چھٹی میں تبدیل کروا لیا۔
وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ڈاکٹر اعجاز منیر نے بغیر تنخواہ چھٹی نصف تنخواہ کی چھٹی میں بدلنے کی منظوری دے دی۔ سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے 2005 تا 2008 بغیر تنخواہ چھٹی (EOL) لی تھی۔ ای او ایل کے قواعد کے مطابق افسر یا ملازم کو اس عرصہ کی تنخواہ نہیں دی جاتی۔
فواد حسن فواد نے 14 جنوری کو اپنی ریٹامنٹ کے بعد سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مذکورہ چھٹی نصف تنخواہ کے ساتھ چھٹی (HAP) میں تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔ ایچ اے پی کے قواعد کے تحت افسر یا ملازم کو اس عرصہ کی نصف تنخواہ دی جاتی ہے۔ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے فواد حسن فواد کی درخواست منظور کرتے ہوئے ای او ایل چھٹی کو ایچ اے پی چھٹی میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب فواد حسن فواد کو مذکورہ تین سال کی نصف تنخواہ ملے گی۔