اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر کے ایئرپورٹس پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے۔ پاکستان میں داخل ہونے کیلئے ہیلتھ ڈکلیریشن فارم پر کرنا لازمی قرار دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے ہیلتھ ڈکلیریشن فارم جمع نہ کروانے والی ائیر لائنوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سیکریٹری ایوی ایشن نے تمام ائیرپورٹس مینجرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ہیلتھ ڈکلیریشن فارم نہ دینے والی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پشاور ایئرپورٹ پر مسافروں کے ہیلتھ کارڈ جمع نہ کروانے پر غیر ملکی ائیر لائن کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ریاض سے پشاور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن نے مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم نہیں دیئے تھے۔
غیر ملکی ائیر لائن کی یقین دہانی کرانے کے بعد پرواز کو اڑان کی اجازت دے دی گئی۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ایران، چائنا اور خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں سے 15 دن کا سفری ریکارڈ بھی طلب کیا جائیگا۔