اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایل اوسی پربھارتی اشتعال انگیزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھرپور احتجاج کیا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ رواں سال بھارت نے 384 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج بھاری اسلحہ استعمال کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی گولہ باری سے نیزہ پیر سیکٹر میں40 سالہ شہری محمد بشیر شدید زخمی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایل اوسی پر بھارتی اشتعال انگیزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور عالمی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت کو یاد دلایا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔