لاہور: (دنیا نیوز) رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز پر فردجرم عائد نہ ہوسکی، احتساب عدالت نے لیگی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 مارچ تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز اور یوسف عباس کے مختلف نیب کیسز کی سماعت کی۔ جیل حکام نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کے روبرو پیش کیا تاہم ڈیوٹی جج ہونے کے باعث حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی اور عدالت نے رمضان شوگر ملز کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حمزہ شہباز سمیت 6 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ 13 مارچ تک توسیع کردی۔
ادھر دوران سماعت چودھری شوگر ملز کیس میں نامزد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی، نیب نے نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ ان کی تازہ میڈیکل رپورٹس جمع نہیں کرائی گئیں لہذا حاضری معافی کی درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر نواز شریف کی حاصری معافی کی درخوسست منظور کی اور کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے شہباز شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف اعتراضات پر فریقین کے وکلا کو 30 مارچ کو طلب کرلیا۔