لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی خدمات حاصل کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔
قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی راحت افزا کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہپاکستان میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ وبا تیزی سے پھیلی رہی ہے۔ فوری ایکشن ہی اس بیماری کو پھیلنے سے روک سکتا ہے۔
قرارداد کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کرونا وائرس پر عملی اقدامات کی بجائے نمائشی انتظامات کر رہی ہے، جس سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔
حکومت سے قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شہباز شریف کے ماڈل پر صوبے بھر اقدامات کرے۔ جس طرح سابق وزیراعلیٰ نے ڈینگی کے انسداد کے لیے کام کیا تھا۔
متن میں کہا گیا کہ پنجاب کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں شہباز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے شہباز شریف کی خدمات حاصل کرے تاکہ عوام میں پایا جانے والا خوف دور ہو سکے۔