کراچی: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مسائل کے حل کے لیے ایک نیا سیاسی کنٹریکٹ کیا جائے، اس کے بعد آزاد اور شفاف الیکشن کرائے جائیں، پہلی بار سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ نہیں ہو رہا ہے اس کی ذمہ دار حکومت ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کے وفد کے ہمراہ فاروق ستار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی پاکستان کا دل ہے، کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا، ہم نے اپنے دور حکومت میں کراچی میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے، سیاسی جماعتیں ہمیشہ ڈائیلاگ قائم رکھتی ہیں، ہم اقتدار کے حوس کی بات نہیں کرتے عوامی مسائل کی بات کر رہے ہیں۔
اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا پی ٹی آئی اور نون لیگ کے دور کا موازنہ کیا جائے تو سابق حکومت کا دور بہتر تھا، موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے، اب ہمیں کراچی کیلئے پیکج اور خیرات نہیں چاہیے، کراچی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کراچی کو کم از کم سالانہ 300 ارب ملنے چاہیے۔