لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی خواتین دنیا کے لیے عزم وہمت کی مثال بن چکی ہیں۔ مسلح افواج کی باہمت خواتین نے ملکی سطح سے لے کر اقوام متحدہ امن مشن تک قابل فخر خدمات سے قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا۔
تینوں مسلح افواج کی خواتین ملکی سطح پر میڈیکل، انجینئرنگ اور تعلیم سمیت کئی شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ میجر جنرل نگار کا اس وقت کمانڈنٹ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کے عہدے پر ہونا اس کی روشن مثال ہے۔ قوم کی ان بلند حوصلہ بیٹیوں کا عزم ہے کہ ان کے دم سے ہی وطن عزیز ترقی کی نئی بلندیاں چھوئے گا۔
یوم پاکستان کی پریڈ ہو یا زمانہ جنگ، مسلح افواج کی نڈر خواتین ہر محاذ پر صف اول میں نظر آتی ہیں۔ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے 19 جون 2019ء کو کانگو میں خواتین کے دستے تعینات کیے اور پھر خواتین کا فیلڈ اینگیجمنٹ دستہ بھیجنے کی قابل تقلید مثال قائم کی۔
اقوام متحدہ امن مشنز میں اب تک 450 خواتین خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ حال ہی میں بہترین کارکردگی پر پاکستانی خواتین کے 15 رکنی پیس کیپر دستے کو انعامات سے نوازا گیا۔