لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے کالی پٹیاں باندھ کر حلف لیا تھا۔ آٹا اور چینی چور کا نعرہ اسمبلیوں میں گونج رہا ہے لیکن بحران کے ذمہ داروں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نیب اور نیازی گٹھ جوڑ جس کیخلاف ثبوت نہ ہو کیس بنا دیتا ہے لیکن بی آر ٹی منصوبے میں اربوں کی کرپشن پر نیب کی آنکھیں بند ہو جاتی ہیں۔ بتایا جائے کہ پشاور بی آر ٹی کا منصوبہ کیا قیامت والے دن مکمل ہوگا؟
پاکستانی معیشت آئی سی یو پر نہیں بلکہ ختم ہو چکی ہے۔ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کریش کر رہی ہے۔ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کینٹینر کے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ ہزاروں فیکٹریوں کو تالے لگ چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے میثاق معیشت کی بات کی تو جواب میں چور اور ڈاکو کہا گیا۔