حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں، ملک اقتصادی تباہی کی طرف جا رہا ہے، بلاول بھٹو

Last Updated On 09 March,2020 10:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں، نااہلی کا نقصان عوام اٹھا رہے ہیں۔ سرکار نے معیشت کی سانسیں روک لیں، ملک اقتصادی تباہی کی طرف جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو کا لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہت خراب جبکہ مزدور اور کسان کا برا حال ہے۔ پاکستان اقتصادی تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ غیر ملکی اقتصادی ماہرین پاکستان کی معیشت کو زیادہ نہیں جانتے، ہمیں ہمیں پاکستانی ماہرین کی رائے کوسننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس معیشت کا کوئی پلان نہیں ہے۔ پہلے فیصلہ کیا گیا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے پھر اس کے سارے مطالبات مان لیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں سمیت ہر کوئی پریشان ہے۔ حکومت اپنے ہی ٹیکس ٹارگٹ کو پورا نہیں کر سکی اور عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ سارا بوجھ عام آدمی پر ڈالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو معلوم ہی نہیں آئی ایم ایف سے مذاکرات کیسے کرنے ہیں۔ مذاکرات میں غیر حقیقت پسندانہ رویہ اپنایا گیا۔ غریب عوام کو ریلیف دینا ریاست کا کام ہے۔