اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے حکومت کو بغیر ٹینڈر 67 روپے کلو چینی دینے کی پیشکش واپس لے لی۔
ذرائع کے مطابق میڈیا پر خبریں سامنے آنے پر جہانگیر ترین نے یوٹیلیٹی سٹورز کے حکام سے ناراضی کا اظہار کیا اور حکومت کو 67 روپے کلو چینی بغیر ٹینڈر کے دینے کی پیشکش بھی واپس لے لی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے چیئرمین کو لکھے گئے خط میں جہانگیر ترین نے کہا ہے ‘میں نے نیک نیتی کے ساتھ یوٹیلیٹی سٹورز کو 20 ہزار ٹن چینی 67 روپے فی کلو کے رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کی پیشکش کی لیکن میڈیا میں موجود کچھ عناصر اس آفر کو غلط رنگ دے رہے ہیں’۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا ‘ایسا ظاہر کیا جا رہا ہے جیسے ای سی سی کی جانب سے یہ آفر قبول کرنے کا مقصد مجھے نوازنا ہے تاہم حقیقت اس کے بلکل برعکس ہے، منفی پروپیگنڈا کے باعث میں یہ آفر واپس لینا چاہوں گا، میری ملز اب بھی اوپن ٹینڈرکے تحت 20 ہزار ٹن چینی رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں’۔