اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ملک کی سیاسی، اقتصادی صورتحال اور بھارت سے کیڑے مار ادویات کی درآمد سمیت 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 4 مارچ کو ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، چیئرمین سکیورٹی اینڈ ایکسچینج پالیسی بورڈ اور جی ایم ایڈمن کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔
کابینہ کو پاور ڈویژن کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی، پاکستان حلال اتھارٹی کے ڈی جی کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی، پروٹیکٹو آلات کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی تجویز زیر غور آئے گی، وفاقی حکومت، کارپوریشن اور خود مختار اداروں کی تنظیم نو سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت کے ڈومیسائل پر 1 سے 15 سکیل تک کی ملازمتیں 100 فیصد اسلام آباد کے لئے مختص کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا، مہنگائی کی صورتحال اور امن و امان سے متعلق اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔