شہباز شریف کو آنا پڑے گا ورنہ سیاست سے جانا پڑے گا: شیخ رشید

Last Updated On 12 March,2020 12:58 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ آدھا مارچ گزر گیا مولانا نے مارچ کی تاریخ نہیں دی، شہباز شریف کو آنا پڑے گا ورنہ سیاست سے جانا پڑے گا، نواز شریف نے پتہ نہیں اپنی طبیعت کیسے خراب کرلی تھی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پرزے ناکارہ ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ن لیگ میں پڑنے والی دراڑیں مزید وسیع ہو رہی ہیں، شہبازشریف واپس نہ آئے تو ن لیگ میں اختلافات مزید بڑھیں گے، اب تو شہباز شریف کی اپنی پارٹی ان کی واپسی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی سربراہ کی واحد خصوصیت وراثت میں ملنے والاعہدہ ہے، لطیف کھوسہ جیسے لوگوں کی پارٹی میں کیا حیثیت ہے ؟ پیپلزپارٹی مناظرہ کرلے، ذوالفقار بھٹو سلیکٹڈ وزیراعظم تھے، ذوالفقار علی بھٹو گیٹ نمبر 4 کی پیداوار تھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا لوگوں کو امید ہے کہ عمران خان ہی ان کے مسائل حل کریں گے، نوازشریف این آر او لیتے رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور نواز شریف کی پارٹی تھکی ہوئی پارٹیاں ہیں، دونوں پارٹیوں کے کلچ پلیٹ بیٹھ چکے، دونوں پارٹیوں میں کوئی نیا آجاتا ہے تو کہہ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا چینی چوروں کو پکڑنے کیلئے فارنزک تیار کی جاری ہے، ان کے گودام چیک ہوں گے۔