کوشش ہے ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 18 March,2020 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام ہیں، بھرپور کوشش ہے کہ ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ادویات کی دستیابی، قیمتوں کے تعین اور ڈریپ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی اور ان کی قیمتوں کے تعین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈریپ کارکردگی، ادارے کو فعال بنانے اور کرپشن سے پاک کرنے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا ادویات مناسب قیمت پر عوام کو میسر آئیں، اس ضمن میں ڈریپ کا بطور ریگولیٹر کلیدی کردار ہے، پالیسی سازی اور پالیسی پر عملدرآمد کے ضمن میں موجودہ حکومت کی پالیسی بہت واضح ہے، پالیسی سازی اور پالیسی پر عمل درآمد کو یکجا کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مکمل طور پر متحرک و فعال بنانے کیلئے کوششوں کو تیز کیا جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا انتظامی سطح پر ادارے کی افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے، پالیسی سازی اور پالیسیوں پرعملدرآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالےسے معاملات بھی اجلاس میں زیر غور آئے، اس ضمن میں عدالت کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔