ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب میں قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات سے متعلق بریفنگ جبکہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کے کرونا ٹیسٹ کے انتظامات پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ تمام ادارے اور افسران اپنی خدمات لوگوں کیلئے وقف کر دیں۔ قرنطینہ سینٹرز میں سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔
اس اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، معاون خصوصی صحت، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت اہم حکام نے شرکت کی۔