لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر میں مایوسی تھی۔ ہم ملک بھر میں کرونا آگاہی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے حکومت کو جماعت اسلامی اور الخدمات فاؤنڈیشن کے تمام ہسپتال عوامی خدمت کے لئے استعمال کرنے کی پیشکش کر دی۔
سراج الحق کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، شرح سود، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مافیا نے آٹا اور چینی کی قیمتوں میں بھی اتنا اضافہ کیا کہ راتوں رات اربوں روپے کما لئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے عام آدمی کے لئے جدوجہد شروع کی۔ ہم نے کراچی سے پشاور تک مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مہم چلائی تھی لیکن کرونا کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سب لوگ اس وائرس کی زد میں ہیں۔ بڑے ممالک نے خود کو قلعہ بند کر لیا ہے۔ کرونا وائرس باہر سے درآمد ہوا لیکن حکومتی ناقص پالیسیوں سے پھیلا ہے۔
سراج الحق نے الزام عائد کیا کہ وزرا نے علاج کے بغیر وائرس زدہ لوگوں کو چیک کئے بغیر جانے دیا جس سے چاروں صوبوں میں وائرس پھیل گیا ہے۔ ہمارے مذہب میں انسانی صحت ایک امانت ہے۔ دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ساری انسانیت کو کرونا وائرس سے نجات دلا دے۔