لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے خلاف ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمد پر اتفاق ہوا۔ شرکا نے عوام کو بچانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک صفحے پر ہے۔ غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ صوبے کے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ کرونا کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں، معاشرے کے ہر طبقے کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اپنا کر دار ادا کرنا ہے۔
کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نیشنل کاز ہے اور ہم سول حکومت کا پورا ساتھ دیں گے۔ پنجاب حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔ عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا سے بچاؤ کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ عوام کی زندگیوں کی حفاظت کے لئے خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلوں پرعملدرآمد کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب کے داخلی راستوں پر نقل و حرکت اور سکریننگ کا نظام مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار ہو چکی ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 26 ہے۔ تفتان میں پنجاب حکومت کی جانب سے قرنطینہ کی سہولت قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمان ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔