کرونا وائرس کیساتھ ساتھ ملک میں ڈینگی کا خدشہ بھی موجود ہے، قمر زمان کائرہ

Last Updated On 18 March,2020 05:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس باہر سے آیا، حکومت نے ایئرپورٹس سمیت متعلقہ مقامات پر مناسب اقدامات نہیں کیے، ابھی تو ڈینگی کا خدشہ بھی موجود ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے جتنے بھی کرائسسز آئے ہر ایک دفعہ ان کا رپسانس دیر سے آیا۔ یہ وائرس باہر سے آیا تھا تو ائیرپورٹس سمیت سب جگہوں پر سخت انتظامات کرنے کی ضرورت تھی۔ ایران بارڈر پر بہت دیر کے بعد اقدامات کیے گئے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بروقت حرکت میں آئی اور بڑھ کر اقدامات کیے لیکن دوسری جانب پنجاب حکومت مکمل طور پر خاموش رہی۔ زائرین کو رکھنے کے انتظامات بہت گھٹیا تھے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو ملک میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ وزیراعظم کو مشورہ ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو پنجاب کی دیکھ بھال کا بھی کہہ دیں۔ پنجاب حکومت عوام سے پہلے قرنطینہ میں خود چلے گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مثبت سیاست کریں گے۔ سیاسی مخالفین کے گھروں کو تو فوری پناہ گاہ بنا سکتے ہیں تو مختلف جگہوں پر بھی فوری قرنطینہ بن سکتے ہیں۔