ہائوس جاب کا سرٹیفکیٹ نہ دینے کیخلاف ڈاکٹروں کی درخواست، عدالت وزارت صحت پر برہم

Last Updated On 20 March,2020 01:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہائوس جاب کے لیے سرٹیفکیٹ نہ دینے کے خلاف 16 ڈاکٹروں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے وزارت صحت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری کرونا ٹیسٹ کرا کے آئیں انہیں جیل بھیجا جاسکتا ہے۔

دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ سیکرٹری صحت پیش ہو کر وضاحت کریں کہ سرٹیفکیٹ کیوں جاری نہیں کئے گئے۔ عدالت پی ایم ڈی سی کو بحال کر چکی ہے۔ بحالی کے باوجود ان بچوں کو سرٹیفکیٹ کیوں نہیں دیئے گئے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پی ایم ڈی سی کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے سیکریٹری صحت کو پی ایم ڈی سی کیس میں بھی 25 مارچ کو طلب کر رکھا ہے۔