لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چیف منسٹر ایمرجنسی فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں 900 بسترکے خصوصی فیلڈ ہسپتال کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن کو ایکسپو سینٹر میں فیلڈ ہسپتال کے قیام کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کا اجراء کردیا۔
عثمان بزدار نے بلوچستان حکومت سے تعاون اور تفتان میں قرنطینہ مرکز کے قیام کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزارتی کمیٹی تشکیل دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا بلوچستان حکومت کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز کے مسائل کے حل کیلئے بھی کمیٹی بنا دی۔ ان کا کہنا تھا کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنیوالے ڈاکٹرز ہمارے ہیرو ہیں، ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔