سندھ میں لاک ڈاؤن کا پہلا روز، خلاف ورزی پر کئی افراد گرفتار، وارننگ دیکر چھوڑ دیا

Last Updated On 23 March,2020 12:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت صوبے بھر میں لاک ڈائون کا پہلا روز، شہر قائد مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والوں کی مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کے بعد پولیس حکام کی شہریوں کو مسلسل گھروں میں رہنے کی ہدایت دیدی، صوبے میں کرونا وائرس کے مزید 19 کیسز رپورٹ، کل تعداد 352 ہوگئی۔

سندھ کے باسیوں کا مہلک وائرس کرونا سے جنگ کا مشن، سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں لاک ڈائون کا پہلے روز شاہراہوں، گلی محلوں اور اہم مقامات پر رینجرز اور پولیس کے ناکے لگا دیئے گئے۔

رات گئے خلاف ورزی کرنے والوں کی پولیس نے خوب خاطرداری کی،تیس افراد کو حراست میں لیا اور تنبیہ کے بعد رہا کر دیا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بھرپور کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔ آج صبح شہر قائد کی شاہراہوں پر مکمل سناٹا دیکھنے میں آیا، اہم کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے، مجبوری میں کام پر جانے والوں کو اجازت کے بعد سفر کی اجازت دی گئی۔

دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں، صوبے بھر میں مزید نئے 19 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ سات کراچی، ایک دادو جبکہ تفتان میں گیاہ افراد میں وائرس پایا گیا، سندھ میں یوں کرونا کیسز کی تعداد 352 تک پہنچ گئی۔