کراچی: سینیٹائزر کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ملزم گرفتار، مقدمہ درج

Last Updated On 20 March,2020 08:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سینیٹائزر کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب جیل چورنگی پر تیز رفتار کار موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی جس سے 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم ظہیر کے قبضے سے سو سے زائد سینیٹائزر برآمد کر لئے۔ ملزم سینیٹائزر ذخیرہ کر کے مہنگے داموں فروخت کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دوسری جانب جیل چورنگی پر تیزرفتار کار موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی۔ حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق کم عمر کار سوار انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا، کار بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سواروں سے ٹکراتی ہوئی درخت میں جا گھسی۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے، حالت خطرے سے باہر ہے۔