اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں کارروائیوں کرتے ہوئے 35 ارب روپے مالیت کی 2.9 میٹرک ٹن منشیات برآمد کر لیں۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ ادارے نے ملک بھر میں 31 کارروائیاں کی ہیں، ان کارروائیوں کے دوران 2.9 میٹرک ٹن منشیات برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 1165 کلو گرام ہیروئن، 1727 کلو گرام چرس شامل ہے۔ 23 کلو گرام آفیون اور113000 نشہ آور گولیاں بھی پکڑی گئیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران کاروبار میں ملوث 21 ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی 7 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں، برآمدشدہ منشیات کی بین الاقوامی مالیت 227 ملین ڈالر (22 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر تقریباً 35 ارب روپے) بنتی ہے۔