کراچی پولیس نے دعا منگی اور بسمہ کیس میں ملوث دو اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا

Last Updated On 18 March,2020 07:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے پوش علاقے سے اغوا ہونے والی دعا منگی اور بسمہ کیس میں ملوث دو اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا۔ تین اغوا کار تاحال فرار ہیں۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کےسروں کی قیمت رکھنے کے لیے سفارش کی ہے۔

تفصیل کے مطابق کراچی میں اغوا برائے تاوان کے ہائی پروفائل کیس کے ملزمان پکڑے گئے۔ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دعا منگی اور بسمہ کے اغوا میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پانچ رکنی گینگ کے سرغنہ آغا منصور سمیت تین ملزمان فرار ہیں۔

ایڈیشنل ائی جی کا کہنا تھا کہ دعا منگی اور بسمہ کو اغوا کرنے والا گینگ ایک ہی ہے اور دونوں کو اس فلیٹ میں رکھا گیا جو ملزمان نے دس ماہ قبل کلفٹن کے علاقے میں کرایہ پر حاصل کیا تھا۔

اغوا کار پوش علاقوں میں امیر لڑکیوں کی ریکی کرتے تھے۔ حلیے اور رہن سہن سے امیر نظر آنے والی لڑکیوں کے اغوا کی پلاننگ کی جاتی تھی۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔