لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے شہباز تتلہ قتل کیس میں گرفتار ایس ایس پی مفخر عدیل اور اسد بھٹی کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شازیہ محبوب نے مفخر عدیل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی، مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے اسد بھٹی کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس کے لیے یہ کیس ٹیسٹ کیس بن چکا ہے۔
شہباز تتلہ کے وکیل نے دلائل دیئے کہ مفخر عدیل کا ساتھی ملزم گرفتار ہوا ہے، عدالت مزید ریمانڈ دے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسد بھٹی کو رات کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کو مزید ریمانڈ دیا جائے تاکہ دونوں کو آپس میں کنفرنٹ کروایا جا سکے۔ شہباز تتلہ کے وکیل فریاد علی شاہ نے کہا کہ اسد بھٹی کی گرفتاری سے مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ایس ایس پی مفخر عدیل اور اسد بھٹی کو 21 مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔