کراچی: ناگن چورنگی کے قریب پولیس اہلکار کا قتل، مقابلے میں زخمی ہونیوالا ملزم گرفتار

Last Updated On 19 March,2020 11:47 am

کراچی: (دنیا نیوز) ناگن چورنگی سرسید تھانے کے قریب پولیس اہلکار کا قتل، مقابلے کے دوران زخمی ہونے والا ملزم جناح ہسپتال سے گرفتار کر لیا گیا۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب چار مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سپیشل سکیورٹی زون ٹو میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل جعفر حسین جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق اہلکار کی ایک مہینے بعد شادی تھی۔

مقابلے کے دوران زخمی ہونے والا ملزم جناح ہسپتال سے گرفتار کر لیا گیا، ملزم رحمت موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم اسکی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی ملزم کا باپ واقعے کے کئی گھنٹے بعد ملزم کو لیکر جناح ہسپتال پہنچا تھا۔ پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک ملزم کو تین گولیاں لگیں۔

آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلات طلب کرلیں۔ ملزمان کی گرفتاری اور تحقیقات میں پیشرفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔