اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس سے متعلق ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے امدادی ریلیف پیکیج کا مقصد کرونا وبا سے متاثرہ افراد کو ریلیف دینا ہے، پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، لائٹ ڈیزل میں 15 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر 3 ماہ کیلئے 70 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کااطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس :وزیراعظم کاریلیف پیکیج،پٹرولیم قیمتوں میں15روپےکمی کااعلان
وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ ماہانہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 36 ارب روپے کا ریلیف ملے گا، ماہانہ 2 ہزارروپے گیس کا بل قسطوں میں ادا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ آلات پر 15 ارب روپے کے ٹیکس ریلیف کی منظوری دی گئی ہے۔
زراعت اور چھوٹے کاروبار کیلئے 100 ارب روپے کی سبسڈی منظور کی گئی ہے، مزدوروں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کیلئے 200 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق صنعتوں اور برآمدی شعبے کیلئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ٹیکس ریفنڈ کے اجرا سمیت قرضوں اورسود کی ادائیگی میں سہولت کااعلان کیا گیا ہے، زراعت اور ایس ایم ای کیلئے 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق شدید متاثرہ خاندانوں کیلئے 144 ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ماہ تک فراہم کیے جائیں گے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے 50 ارب، پناہ گاہوں کیلئے 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، گندم کی خریداری کیلئے 280 ارب روپے مختص ہوئے ہیں، توانائی فنڈز کیلئے 100 ارب اور این ڈی ایم اے کیلئے 25 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔