واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی اینڈ میڈیسن کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں اس موذی مرض سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
کرونا وائرس کے اس وقت تک 3 لاکھ 98 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پہلے نمبر پر چین ہے جہاں کے 81 ہزار 591 شہری اس سے متاثر ہیں۔ دوسرے نمبر پر یورپی ملک اٹلی ہے جہاں کی آبادی یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق اٹلی کے 63 ہزار 927 شہریوں میں کووڈ 19 کی رپورٹ مثبت آ چکی ہے۔
دیگر ملکوں کی بات کی جائے تو کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکا کا تیسرا نمبر ہے جہاں 46 ہزار 805 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ سپین میں 39 ہزار 676، جرمنی 31 ہزار 370، ایران 24 ہزار 811، فرانس 20 ہزار 149، سوئٹزرلینڈ 9 ہزار 117، جنوبی کوریا 9 ہزار 37 اور برطانیہ میں 8 ہزار 160 کرونا وائرس کیسز مثبت آ چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی بات کی جائے تو 17 ہزار 454 افراد اس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اٹلی اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 6 ہزار 77 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
کرونا وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے چینی صوبے ہبائی میں 3 ہزار 160، سپین 2800، ایران 1 ہزار 934، فرانس 560، برطانیہ 422، نیدرلینڈ 276، جرمنی 133 اور نیویارک کے 125 شہری موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔
اس موذی مرض سے صحتیاب ہونے والے ملکوں میں چین سرفہرست ہے جہاں 60 ہزار 324 افراد نے اسے شکست دی۔ ایران 8 ہزار 913، اٹلی 7 ہزار 432، سپین 3 ہزار 794، جنوبی کوریا 3 ہزار 507 اور فرانس کے 2200 شہری اس مرض سے باہر نکل آئے ہیں۔
ادھر بھارتی حکومت نے بھی کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ یورپی یونین نے اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں جبکہ امریکا نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک سفر کرنے سے منع کر دیا ہے۔