عثمان بزدار کا کالا شاہ کاکو قرنطینہ کا دورہ، یو ای ٹی میں قائم آئسولیشن مرکز کا جائزہ

Last Updated On 25 March,2020 03:01 pm

کالا شاہ کاکو: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کالا شاہ کاکو میں قرنطینہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو ای ٹی میں قائم آئسولیشن مرکز کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے قرنطینہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو کورونا کے مریضوں کیلئے دستیاب سہولتوں پر بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے قرنطینہ مراکز کے قریب انسنریٹر لگانے کی ہدایت کی، انسنریٹر میں قرنطینہ میں متعین ڈاکٹروں اور طبی عملے کا لباس تلف کیا جائے گا، میڈیکل سٹاف کا گاگلز، بوٹ، گلوز، فیس ماسک، کیپ اور حفاظتی لباس ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد ییلو روم میں جمع ہوگا، ییلو روم میں وزن کر کے سیل شدہ حفاظتی کٹ ییلو وین میں پہنچا دی جائے گی۔

بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ییلو وین سے انسنریٹر میں 1200 ڈگری سینٹی گریڈ پر مواد کو تلف کیا جائے گا، قرنطینہ سے ویسٹ کو تلف کرنے کے عمل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے عملے کا استعمال شدہ لباس تلف کرنے کیلئے ایس او پی پر عمل کیا جائے، لباس اور دیگر مواد کی غیر محتاط نقل و حمل کی کوتاہی ہرگز نہ کی جائے، انفیکشن کنٹرول پروگرام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
 

Advertisement