کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کی تعداد کے بعد حکومت کو مہلک وباء سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدام اٹھانے چاہئیں۔ وائرس مزید پھیل گیا تو قابو کرنا مشکل ہو جائے گا۔
کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو مہلک وباء سے نمٹنے کیلئے ایسے اقدام اٹھانے چاہئیں جس سے وائرس کم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث حکومت کو آئسولیشن،قرنطینہ، وینٹی لیٹر، میڈیکل سٹاف کی تعداد کو بڑھانا چاہیے۔ حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے۔ ضروری ہے کہ ہم سب مل کر کورونا سے متعلق اقدامات کریں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کو کورونا سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاررہناچاہیے اور وزیراعظم عمران خان اپنی پالیسیوں پرنظرثانی کریں۔ وائرس مزید پھیل گیا تو قابو کرنا مشکل ہو جائے گا۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کوختم کرنا پڑے گا۔ ہم نے معاشی پیکیج کا مطالبہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان نے جواقدامات اٹھائے وہ کافی نہیں، ہم نے اپنے غریب عوام کا خیال رکھنا ہے۔ غریبوں کے بجلی،گیس بلوں کومعاف کرنا چاہیے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کے دوران شرح سے متعلق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے شرح سود کو کم کیا گیا تاہم شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ تک لایا جائے۔