کراچی: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے سبب طبی آلات کی درآمدی شرائط میں نرمی کر دی گئی، کمرشل بینک درآمدی عمل کو تیز کرنے کیلئے اجازت دینے کے مجاز ہوں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق طبی آلات اب اوپن اکاؤنٹ پر درآمد کیے جا سکتے ہیں، ان اوپن اکاؤنٹس کی کوئی حد مقرر نہیں۔ اس طرح سرکاری ونجی ادارے طبی آلات پہلے کی نسبت کم وقت میں زیادہ آسانی کے ساتھ درآمد کر سکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے کرونا وائرس کے سبب ملک میں طبی سامان کی فوری ضرورت کے پیش نظر اقدام اٹھایا ہے، شرائط میں نرمی سے کمرشل بینک کے ذریعے انجام پانے والا درآمدی عمل تیز ہو جائے گا اور چین سمیت بیرون ممالک سے طبی سامان ہسپتالوں کو جلد فراہم کیا جا سکے گا۔