کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سندھ حکومت نے صوبے بھر کی مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے، پابندی پانچ اپریل تک لگائی گئی ہے، اطلاق آج سے ہوگا۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سندھ حکومت نے نمازِ جمعہ کے اجتماعات سمیت مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق سندھ میں مساجد میں صرف 3 سے 5 افراد نماز ادا کر سکیں گے۔ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات بھی نہیں ہونگے۔ پابندی 27 مارچ سے 5 اپریل تک عائد کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ تمام مکاتب فکر کے علما اور طبی ماہرین کی مشاورت سے کیا گیا۔
مساجد میں اجتماعی نماز پر پابندی کے فیصلے کو ناصر حسین شاہ نے مشکل فیصلہ قرار دیا اورعوام سے ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کر حکومتی ہدایت پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
ادھر محکمہ داخلہ سندھ نے مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی کا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں نماز کے لیے صرف پیش امام، موذن اور خادم شریک ہو سکیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام افراد مساجد میں اپنے گھروں میں نماز ادا کریں۔ مساجد میں نماز کے اجتماع محدود کرنے کا حکم نامہ سندھ وبائی امراض ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ مساجد کے ساتھ دیگر تمام عبادت گاہوں پر کسی بھی قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔