لاہور: (روزنامہ دنیا) شہر بھر کے 400 سپر اور 2 ہزار سے زائد چھوٹے کریانہ سٹوروں پر قطار مینجمنٹ سسٹم کا مقصد لوگوں کے درمیان مناسب فاصلے کو یقینی بنا کروائرس سے بچانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے 400 سپر اور 2 ہزار سے زائد چھوٹے کریانہ سٹوروں پر قطار مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے گراسری سٹوروں، بینکوں اور رش والی جگہوں پر سماجی فاصلے کے لیے قطار مینجمنٹ سٹم متعارف کرا دیا ہے جس کا مقصد لوگوں کے درمیان مناسب فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے انہیں کورونا وائرس کے اثرات سے بچانا ہے۔
ڈی سی دانش افضال نے کہا ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام سے سماجی فاصلہ رکھنے کے عمل کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں موجود سٹوروں ، بینکوں اور رش والی جگہوں پر سماجی فاصلے کے لیے چونے اور پینٹ سے نشانات لگوا رہے ہیں۔
ڈی سی نے مزید کہا عوام سماجی فاصلے کے عمل کو اختیار کر کے اپنی حفاظت یقینی بنائیں اور طبی و قومی ذمہ داری کا ثبوت دیں۔