لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے میاں شہباز شریف کو 17 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔
نیب نے میاں شہباز شریف کو طلبی کے نوٹس ارسال کر دیا ہے۔ یہ نوٹس شہباز شریف کی رہاشگاہ ماڈل ٹاؤن 96 ایچ پر رسال کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک شخص کورونا وائرس کے بجائے اپوزیشن سے لڑنے میں مصروف ہے: شہباز شریف
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کھائی میں گر رہا ہے لیکن حکومت انتقام میں اندھی ہو چکی۔ ایک شخص کورونا وائرس کے بجائے اپوزیشن اور میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے۔
شہباز شریف کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حکومتی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ سندھ اور دیگر صوبوں کی ضروریات کے لئے چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی حکومت کو پیش کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے قوم کی آگاہی کے لئے میڈیا پر قومی مہم چلانے، کورونا کی ٹیسٹنگ، سکریننگ اور علاج معالجے کے لئے جامع تجاویز دی گئی تھیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہماری مخلصانہ اور مشاورت کے نتیجے میں تیار ہونے والی تجاویز پر حکومت عمل کرتی تو صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت انتقام میں اندھی، ملک کھائی میں جا رہا ہے۔ ایک شخص اپنے سیاسی انتقام میں کورونا کے بجائے اپوزیشن اور میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے۔