اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جیو جنگ گروپ میر شکیل الرحمان کی نیب کیس میں گرفتاری پر حکومت پر تیر برسانے کی بجائے بے گناہی کے ثبوت دیں۔ الزام لگتے رہتے ہیں اور سیاستدان بھی الزامات کا سامنا کرتے رہتے ہیں، قانون کی نظرمیں کوئی مقدس گائے نہیں، نیب کا کردار حکومت کے ساتھ نتھی کرنا صحافتی اقدار کی نفی ہے۔ نیب کے کسی عمل سے انتقام کی بو نہیں آنی چاہئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ جنگ جیو گروپ اپنے مالک کی گرفتاری پر حکومت کے خلاف پروپگینڈا کرنے میں مصروف ہیں، میر شکیل اور جیو نیوز کے اینکرز کو چاہیے کہ حکومت پر تیر برسانے کی بجائے اپنی بے گناہی کے ثبوت عدالت میں پیش کریں۔ انہیں عدالت سے انصاف کی توقع رکھنی چاہیے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ایک صحافی کارکن نے دوسرے صحافتی ادارے کے خلاف درخواست دی، الزام لگتے رہتے ہیں اور سیاستدان بھی الزامات کا سامنا کرتے رہتے ہیں، قانون کی نظرمیں کوئی مقدس گائے نہیں، نیب کا کردار حکومت کے ساتھ نتھی کرنا صحافتی اقدار کی نفی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیب سے نہ انتقام کی بو آنی چاہیے، نہ ہی تاثر ابھرے کہ کمزور دھر لیا جائے اور طاقتور چھوڑ دیا جائے، نیب ٹھوس ثبوت عدالتوں میں سامنے لائے تاکہ نیب کا یہ اقدام آئین و قانون کی نظر میں درست ثابت ہوسکے۔۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے میر شکیل الرحمان کو سابق وزیراعظم نواز شریف سے غیر قانونی طور پر پلاٹ لینے پر گرفتار کیا لیکن جنگ اور جیو گروپ اس عمل کو وزیراعظم کی ذات کے ساتھ جوڑ رہا ہے، صرف حکومت کو ٹارگٹ کرکے وزیراعظم کی کردارکشی کی جائے گی تو کیمرے کی آنکھ ان کو بھی دیکھ رہی ہے۔