لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دو خاندانوں نے عوام کو زخم لگائے، صرف عمران خان ہی پاکستانی عوام کے زخموں پر مرہم لگا سکتے ہیں۔ ملک کو لوٹ کر بیرون ملک ڈالر سمگل کیے گئے۔ عوام نے ایسے سیاستدانوں کو مسترد کر دیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قائداعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ان پر دنیا اعتماد کر رہی ہے، ان کا دامن کرپشن زدہ نہیں بلکہ پاک صاف ہے۔ پاکستان کا روشن چہرہ دنیا میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا حقیقی چہرہ سامنے لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سیاست کو نہیں، ریاست کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ آج پاکستان کو دنیا میں دہشتگردی کی بجائے سیاحت سے پہچانا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو گئی ہے۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات فراہم ہو رہی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹز کا پی ایس ایل میں حصہ لینا پاکستان کے محفوظ ہونے کی دلیل ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ضروری اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی۔ حکومت کفالت کارڈ کے ذریعے پسے ہوئے طبقے کا سہارا بن رہی ہے۔ کسانوں کو ان کا جائز حق دلانا تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے۔