اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا بیان 'ماضی کے ماڈل ملکی مسائل حل نہ کر سکے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے' اعتراف جرم ہے، تین دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والے آج قوم کے سامنے اپنی ناکامیوں کو قبول رہے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پاکستان کے عوام عمران خان کو وزیراعظم منتخب کر کے نیا راستہ تلاش کر چکے ہیں، عوام 2 خاندانوں کی موروثی و سیاسی ماڈل سے بیزار ہیں، عوام کی دہائی ہے کہ اب یہ ان پر دوبارہ مسلط نہ ہوں، آج جمہوریت کی باتیں کرنے والے اپنے دور میں آئینی ترمیم کر کے بادشاہ سلامت بننے کی کوشش کرتے رہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کمپنی سیاست میں تمام شیئرز خاندان ہی کے پاس رہتے ہیں، ان کی جمہوریت یہ تھی کہ بڑا بھائی خود وزیراعظم، چھوٹا وزیراعلی، بھتیجا سب سے بڑے صوبے کا مختاراعلی اور صاحبزادی سوپر وزیراعظم کا درجہ رکھتی تھیں، عمران خان عوام کے وہ مقبول رہنما ہے جنھوں نے حقیقی عوامی راج قائم کیا، وزیراعظم کل کراچی پہنچ کر عوامی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، کراچی کے مسائل کے تدارک کے لیے طے کردہ ترجیحات کا جائزہ لیں گے۔