سیالکوٹ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوامی وسائل پر پلنے والا خاندان عدالتوں سے بیماری کی آڑ میں علاج کے لیے گیا لیکن نواز شریف ابھی تک ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے۔
فردوس عاشق اعوان کا موضع منڈیانوالہ میں سوئی گیس کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران خان پسے ہوئے طبقے کی جنگ لڑتے ہوئے گزشتہ 72 سالوں کا گند صاف کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ سابق حکومت نے 30 ہزار ارب کا قرضہ لیا۔ دو خاندانوں کے گٹھ جوڑ نے مہنگے بین الاقوامی معاہدے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی یتیم جھوٹا اور غلط بیانیہ پیش کر رہے ہیں۔ میاں صاحب کو پاکستان میں علاج کروانا گوارا نہیں، اب وہ تین ماہ سے لندن کے کسی ہسپتال میں بھی داخل نہیں ہوئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملکی خزانہ لوٹنے والے لندن کی فضاؤں میں عیاشاں کر رہے ہیں۔ شریف خاندان دھوکا دے کر لندن میں بیٹھا ہے۔ میڈیکل کی بنیاد پر ریلیف لینے والوں کی آج تک سرجری نہیں ہوئی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ چند سیاسی یتیم یہاں بیٹھ کر کہتے ہیں کہ عوام تحریک انصاف سے مایوس ہو چکے ہیں۔ عقل کے اندھوں اگر دکھائی دیتا ہے تو آ کر عوام دیکھ لو۔