اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغان امن کی جانب تاریخی پیش رفت پاکستان کی جیت ہے، طالبان اور فریقین کے مابین کل معاہدے پر دستخط کی تقریب شیڈول ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فریقین کے درمیان معاہدے کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، معاہدے کی تقریب میں امیر قطر سمیت سات ممالک کے وزراء خارجہ اور 50 ممالک کے نمائندگان شریک ہوں گے، افغان امن کی جانب تاریخی پیش رفت وزیراعظم عمران خان کے موقف کی جیت اور افواج پاکستان کے مثالی کردار کی آئینہ دار ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ ڈائیلاگ کے حامی رہے، خطے میں پائیدار امن کے فروغ اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔