میا‌ں‌ نواز شریف کی بیماری کا نام اقتدار سے دوری ہے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 23 February,2020 05:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہم دعاگو ہیں کہ میاں صاحب جلد صحت یاب ہوں لیکن ہمیں پتا ہے اس بیماری کا نام اقتدار سے دوری ہے۔ جب عوام ان کو ووٹ کی پرچی سے مسترد کر دے تو یہ بیمار ہو جاتے ہیں۔

 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول کو نواز شریف کی حقیقت کا بعد میں پتا چلا ہے۔ بلاول صاحب ہم تو پہلے سے آگاہ تھے آپ کو دیر سے سمجھ آئی۔ ان کا گٹھ جوڑ اپنے اپنے مال پانی کو بچانے کے لیے تھا۔ جب بلاول کو اپوزیشن کرنی تھی تب وہ جاتی امرا میں تتر کھا رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما رانا ثناء اللہ بار بار کہتے ہیں کہ نواز شریف کا آپریشن ہونے جا رہا ہے، لیکن یہ کونسی پراسرار بیماری ہے جو برطانیہ کے ڈاکٹر بھی تشخیص نہیں کر پا رہے۔ اب پلیٹ لیٹس کی تعداد کتنی ہے؟ میڈیا یہ جاننے کیلئے ترس گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں قیادت کا قحط پڑا ہوا ہے۔ مریم بی بی نہ جانے کس مسلط کا شکار ہیں۔ ان کی آواز قوم کو سنائی نہیں دے رہی۔ عوام کے درد میں نڈھال کہیں دکھائی نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا کہ ان کو عوام نہیں، اپنے کاروبار کا درد ہے۔ سیاسی یتیم اور مگرمچھ کے آنسو بہانے والے سمجھ رہے تھے کہ عوام کی ہمدردیاں سمیٹ لیں گے۔ لاہوری ان سے کھربوں روپے کا حساب مانگ رہے ہیں۔ ہم لاہور کے اندر سیاسی قبضہ مافیا کا کارکنوں کی طاقت سے صفایا کریں گے۔