اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ اصولی موقف سے آگے بڑھ کر بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم سے روکے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کی جیت ہے۔ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنے اصولی موقف سے آگے بڑھتے ہوئے بھارت کو کشمیر میں جابرانہ ظلم وستم سے روکے اور اپنی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں امن کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ذمہ دارانہ کردار کا اعتراف پوری دنیا کو پاکستان کے حوالے سے ایک مثبت پیغام اور پاکستان کے عالمی تشخص کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چالیس سال سے زائد عرصہ سے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کی کوششوں کا اعتراف خطے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی روشن دلیل ہے۔ پاکستان اور اقوام متحدہ عالمی امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ ایجنڈے پر کاربند ہیں۔
امن کے قیام سے لے کرماحولیاتی تغیر کے چیلینجز سے نمٹنے تک پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور اہداف کےحصول کیلئے بھرپورکاوشیں کرنے والے ممالک میں سر فہرست ہے ۔
مودی کے کشمیر کے حوالے سے "عالمی دباؤ کی پرواہ نہیں" کے بیان کی مذمت کرتے ہیں ۔ یہ بیان اس امر کا ثبوت ہے کہ جو بھی حق اور سچ کی بات کرے گا بھارت کو اس سے تکلیف ہو گی ۔ بھارتی جھوٹ پوری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے۔